ترکی میں زلزلہ;تعمیراتی شعبے کے کنٹریکٹر کے خلاف کریک ڈاوُن

تعمیراتی شعبے کے کنٹریکٹر کے خلاف کریک ڈاوُن

ترکیہ میں حکام نے عمارتوں کے انہدام کے الزام میں تعمیراتی شعبے سے وابستہ کنٹریکٹرز کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ترکیہ کے وزیرِ انصاف باقر بوزداک کا کہنا ہے کہ ناقص تعمیرات کے الزام میں 131 افراد زیرِ حراست ہیں جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ترکیہ میں ہزاروں عمارتیں گرنے پر مقامی افراد نے الزام عائد کیا تھا کہ عمارتوں کے گرنے کی ایک وجہ ناقص تعمیر بھی ہے۔

ترکیہ کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘اناطولو ‘کے مطابق ناقص تعمیرات کے الزام میں صوبے غازی انتیپ سے دو کنٹریکٹرز کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک عمارت کے دو ستون کاٹ کر کمرے بنائے تھے۔

مقامی نجی نیوز ایجنسی ‘ڈی ایچ اے’ کے مطابق حکام نے استنبول ایئرپورٹ سے فرار ہونے والے دو کنٹریکٹر کو بھی حراست میں لیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ عادیمن شہر میں عمارتوں کے انہدام کے ذمے دار ہیں۔

زیرِ حراست کنٹریکٹر یاووز کراکوس نے ‘ڈی ایچ اے’ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 44 عمارتیں تعمیر کرائی تھیں جن میں سے چار زلزلے کے بعد تباہ ہو گئیں لیکن ان کی تعمیر کردہ عمارتوں میں تمام مقامی قواعد کا خیال رکھا گیا تھا۔

وزارتِ انصاف کے مطابق سات کنٹریکٹر حراست میں ہیں جب کہ دیگر سات کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کی ہے۔

زلزلے سے متاثرہ ترکیہ کے 10 صوبوں میں 34 ہزار سے زائد اہلکار ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق دنیا کے 74 ملکوں سے آنے والے 9595 رضاکاروں کی بھی مدد حاصل ہے۔

اس معلومات کا ماخذ وائس آف امریکہ، رائٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس ہیں۔

Share This Post:

Discussion

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *